اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد مختلف مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف پہلے سے جاری عدالتی وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں عدالتی وارنٹس کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جنید اکبر اور عبدالغنی کے خلاف ڈی چوک احتجاج سے متعلق مقدمات میں پہلے سے جاری وارنٹس پر عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ شبلی فراز، مراد سعید اور حماد اظہر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس مقدمات میں جاری عدالتی وارنٹس بھی زیرِ عمل لائے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی اور مینا خان آفریدی بھی اسلام آباد کے مختلف مقدمات میں مطلوب رہنماؤں میں شامل ہیں۔
علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کے خلاف فیض آباد احتجاج کے مقدمے میں جاری قانونی کارروائی بھی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریاں پہلے سے درج ایف آئی آرز اور ماضی میں جاری کیے گئے عدالتی وارنٹس کی بنیاد پر کی جائیں گی۔
اسلام آباد پولیس کو مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے عدالتی وارنٹس پر قانون کے مطابق عملدرآمد کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
