Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم قیمتوں پر بڑا تنازع، پمپ مالکان نے وزیراعظم سے اہم مطالبہ کردیا

روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے کاروباری، مالی اور آپریشنل مشکلات بڑھ رہی ہیں

پیٹرول پمپ مالکان نے یومیہ پٹرولیم قیمتوں کے نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ماہانہ قیمتیں مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا، تاہم حکومت اور ڈیلرز کے مذاکرات میں فی الحال یومیہ قیمتوں کا نظام برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر یومیہ قیمتوں کے نظام پر نظرثانی کی درخواست کی۔ پمپ مالکان کا مؤقف ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے کاروباری، مالی اور آپریشنل مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

مالکان کے مطابق پیٹرول پہلے مہنگے داموں خرید کر ذخیرہ کیا جاتا ہے، لیکن قیمت کم ہونے کی صورت میں اسے کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے جس سے انہیں براہِ راست انوینٹری نقصان کا سامنا ہوتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے یومیہ قیمتوں کے بجائے ماہانہ پٹرولیم قیمتوں کا نظام نافذ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس طریقہ کار سے حکومت عالمی مارکیٹ کے مطابق قیمتوں کو ایڈجسٹ کرسکے گی جبکہ ڈیلرز کو انوینٹری، خریداری اور کیش فلو کے انتظام میں بھی استحکام ملے گا۔

دوسری جانب وزارت پٹرولیم میں پٹرول پمپ مالکان کی مختلف ایسوسی ایشنز کے ساتھ مذاکرات ہوئے، جس میں یومیہ قیمتوں کا نظام فی الحال جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دو ہفتے بعد اسٹیک ہولڈرز، پمپ مالکان اور آپریٹرز سے مشاورت کے بعد یومیہ قیمتوں کے نظام کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

مذاکرات میں ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کا معاملہ فوری طور پر دوبارہ کابینہ کو بھجوانے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزارت پٹرولیم اور اوگرا نے ایکسپلوزوز ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مسائل حل کرانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی الاٹمنٹ، سپلائی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کے معاہدوں سے متعلق معاملات حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈیلرز نے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ ٹرانزیکشن چارجز کا معاملہ بھی مذاکرات میں اٹھایا۔ وزارت پٹرولیم یہ معاملہ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ اٹھائے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version