راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ حملوں سے سعودی عرب کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا، پاکستان پوری طرح سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیرمشروط ہے، سعودی عرب پر حملے کی صورت میں پاکستان کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا، پاکستان سفارتی اور عملی طور پر سعودی عرب کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کا دفاع کریں گے، اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام، افواج اور قیادت کے درمیان گہرا، تاریخی اور ناقابلِ شکست تعلق ہے، پاکستان خطے کی حکومتوں سے مشاورت کے ذریعے مذاکرات اور پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سعودی قیادت سے تمام معاملات پر مسلسل رابطے میں ہے، اسلام آباد، واشنگٹن اور تہران مذاکرات کی بحالی کے لیے مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آئی ای او یو موجودہ پیچیدہ صورتحال سے نکلنے کا واحد حقیقی راستہ فراہم کرتی ہے، بداعتمادی اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان خطے میں مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔
