پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے احکامات برقرار رکھے ہیں۔
پشاور میں 9 مئی کے مقدمات سے متعلق کارروائی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پشاور ہائیکورٹ نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی نظرثانی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے احکامات برقرار رکھتے ہوئے مقدمے سے متعلق پہلے جاری کیے گئے عدالتی فیصلے میں مداخلت سے انکار کردیا۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ کے مطابق مقدمے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو سزا ہونے کی صورت میں انہیں وزارتِ اعلیٰ سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔
شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا کی صورت میں صوبائی حکومت کے خاتمے کے ساتھ تاحیات نااہلی کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب پشاور پولیس نے فرانزک اور نادرا سے تصدیق کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنماؤں کو 9 مئی کے مقدمات میں نامزد کردیا ہے۔
پولیس کی جانب سے مقدمات سے متعلق رپورٹ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بھی جمع کرادی گئی ہے۔
