امریکی اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد میں امریکہ افغانستان وار کمیشن کی شریک چیئرز شمائلہ چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد 20 سالہ افغانستان جنگ میں امریکی شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے، جس کے دوران افغانستان میں تنازع کے حوالے سے پاکستان کے کردار اور تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی وفد کو افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش سکیورٹی اور دیگر چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے افغانستان تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل جائزے میں علاقائی پہلوؤں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا اور خطے کے امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے تجربات اور نقطۂ نظر سے وفد کو آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
