نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں ایسا سرکلر جاری کردیا گیا جس نے افسران اور عملے کو حیران کردیا دفتری اوقات ختم ہونے کے باوجود عملے کو ڈی جی کی دفتر سے روانگی تک گھر جانے سے روک دیا گیا۔
سرکلر کے مطابق بعض افسران ڈی جی علی ناصر رضوی کی موجودگی میں ہی دفتر سے گھر چلے جاتے ہیں جس پر حکام بالا نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نئے ڈی جی علی ناصر رضوی کے حکم پر جاری سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ جب تک ڈی جی دفتر میں موجود ہوں گے کوئی افسر یا ملازم دفتر سے گھر نہیں جائے گا۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ دفتری اوقات ختم ہونے کے بعد جس افسر یا ملازم کو دفتر سے جانا ہو اسے پہلے ڈی جی سے اجازت لینا ہوگی۔
یوں سرکلر کے تحت چھٹی کا وقت ختم ہونے کے باوجود دفتر سے روانگی کا معاملہ بھی اب ڈی جی کی اجازت سے مشروط کردیا گیا ہے۔
