Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی مدینہ پاور اسٹیشن پر حوثی حملے کی مذمت؛ سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی

‘پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا’

اسلام آباد: پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے مدینہ منورہ کے قریب طیبہ پاور اسٹیشن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، 29 ستمبر کو مدینہ منورہ کے طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کا حملہ قابل مذمت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مسجد نبویﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے انفرااسٹرکچر پر حملہ سنگین اشتعال انگیزی اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے گہری تشویش اور اضطراب کا باعث ہے۔

پاکستان نے حرمین شریفین اور نمازیوں و زائرین کی سلامتی کے ہر حال میں احترام یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بننے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی شہریوں اور زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version