اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو پاکستانی شہریوں کے قتل پر طلب کرکے اس پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 2 اکتوبر کو انٹرنیشنل بارڈر پر بدیان سیکٹر میں 2 پاکستانی شہریوں کو قتل کیا، بی ایس ایف اہلکاروں نے نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال ہلاکت انگیز طاقت کا استعمال کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا، بی ایس ایف اہلکاروں کی کارروائی کے نتیجے میں دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے، واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، واقعے نے بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کی جان کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کیے۔
پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرے، ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔ بھارتی حکومت پاکستان کو تحقیقات کے نتائج اور کی گئی کارروائی سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے اور بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت متعلقہ دوطرفہ انتظامات اور طے شدہ سرحدی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرے، ایسے حالات سے نمٹنے میں بھارت زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے اور ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
