Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی؛ اقوام متحدہ میں محفوظ پانی سے متعلق قرارداد منظور

انسانی حقوق کونسل کے تمام 47 رکن ممالک نے قرارداد کی منظوری دی

جنیوا: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے محفوظ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے انسانی حق سے متعلق قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کرلی جس میں پہلی بار سرحد پار آبی تعاون کا واضح حوالہ شامل کیا گیا ہے۔

قرارداد کے حتمی متن میں پاکستان نے سرحد پار آبی تعاون کو شامل کرانے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کیا۔ قرارداد جرمنی اور اسپین کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے قرارداد سے سرحد پار آبی تعاون کا حوالہ نکالنے کی کوشش کی تاہم پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں یہ حوالہ حتمی متن کا حصہ برقرار رہا اور انسانی حقوق کونسل کے تمام 47 رکن ممالک نے قرارداد کی منظوری دے دی۔

قرارداد میں پہلی مرتبہ واضح طور پر تسلیم کیا گیا ہے کہ سرحد پار آبی تعاون محفوظ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے انسانی حقوق کے حصول سے براہِ راست منسلک ہے۔

جنیوا میں پاکستان کے فرسٹ سیکریٹری عدیل کھوکھر نے کہا کہ مشترکہ آبی وسائل پر تعاون ہمسایہ ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ جہاں پانی مشترکہ ہو وہاں ذمہ داریاں بھی مشترکہ ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بالائی دریا والا ملک پانی کو سیاسی دباؤ یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کرسکتا۔

عدیل کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ آبی وسائل سے متعلق عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔

متعلقہ خبریں