Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈکپ 2027؛ ٹکٹوں کی درخواستیں 11 لاکھ سے تجاوز، پاک بھارت میچ سب سے زیادہ مقبول

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کے لیے دنیا بھر سے 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد شائقین رجسٹریشن کراچکے ہیں جب کہ مختلف میچز کے لیے 11 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کی طلب میں شائقین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے ٹکٹوں کی سب سے زیادہ طلب ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جب کہ بھارت اور آسٹریلیا کے مقابلے کے لیے 86 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کا 7 نومبر کو شیڈول میچ تقریباً 78 ہزار درخواستوں کے ساتھ چوتھا سب سے زیادہ مقبول میچ بن گیا ہے۔

ورلڈکپ 2027 کے فائنل کے لیے بھی شائقین کی جانب سے تقریباً 69 ہزار ٹکٹ درخواستیں جمع کرائی جاچکی ہیں۔

ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے لئے رجسٹریشن جاری

آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کے لیے قرعہ اندازی میں شرکت کی غرض سے رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر تک جاری رہے گا۔

ٹکٹوں کی قرعہ اندازی میں شرکت مکمل طور پر مفت ہے اور رجسٹریشن کے وقت کسی قسم کی رقم ادا نہیں کرنا ہوگی۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ ٹکٹوں کی قرعہ اندازی پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگی۔

قرعہ اندازی کے بعد کامیاب درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کے طریقہ کار اور آئندہ مراحل سے آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا جب کہ ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

متعلقہ خبریں