لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ای میل کے ذریعے بیوی کو طلاق دینے والے شوہر راحیل احمد کا مذاق میں طلاق دینے کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے یونین کونسل کی جانب سے جاری طلاق کا سرٹیفکیٹ مؤثر قرار دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مذاق میں طلاق دینے کا بہانہ قابلِ قبول نہیں جبکہ شوہر عدالتی کارروائی سے جان بوجھ کر غیر حاضر رہا۔
فیصلے کے مطابق خاتون نے شوہر کی جانب سے ای میل کے ذریعے طلاق دیے جانے پر فیملی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار شوہر راحیل احمد نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس نے طلاق مذاق میں دی تھی۔
عدالت نے قرار دیا کہ شوہر بظاہر اپنے والد کے ذریعے فیملی کورٹ میں پیش ہونے کے باوجود عدالتی کارروائی کا جان بوجھ کر بائیکاٹ کرتا رہا۔
جسٹس انوار حسین نے فیصلے میں کہا کہ فیملی عدالتیں طلاق سے متعلق حقائق طے کرنے سے انکار نہیں کرسکتیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزارت قانون و انصاف کو قانونی خامیوں کو دور کرنے کے لیے قانون سازی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
