پاک فوج نے فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج (ER) ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا جس سے دور تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایوی اونکس سے لیس ہے، جو بلند ترین درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کا منفرد پروازی راستہ اور دورانِ پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کے کامیاب تجربے سے پاک فوج کی دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور تجربے میں شریک سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔
