راولپنڈی: مشاق ٹریننگ ایئرکرافٹ حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات و نشریات، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، سینئر سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہلخانہ بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں افسران 12 اکتوبر 2026 کو کوئٹہ کے قریب نوں کِلّی میں مشاق ٹریننگ ایئرکرافٹ حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی بہادری، لگن اور وطن سے بے لوث وفاداری ہمیشہ فخر کا باعث رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کو ان کے آبائی شہروں میں مکمل عسکری اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
