وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں، خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز کسی کے ساتھ شیئر کرنے میں احتیاط کریں، کیونکہ ان کے ذریعے بلیک میلنگ اور آن لائن فراڈ کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آن لائن پیسوں کے فراڈ کے بہت سے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ لڑکیوں سے مختلف بہانوں سے ویڈیوز حاصل کرکے انہیں بلیک میل بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ماؤں اور بہنوں سے اپیل کی کہ اپنی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ اس طرح وہ بلیک میلرز کے جال میں پھنس سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سائبر کرائم کے خلاف پولیس کو متحرک کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ سائبر جرائم سے متعلق عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
محسن نقوی کے مطابق، این سی سی آئی اے دستیاب وسائل کے ساتھ بہترین کام کر رہی ہے اور چند روز قبل ایجنسی نے ایف بی آئی کو مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ فحش مواد سے متعلق جرائم میں ملوث ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہراساں کرنے کے واقعات میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا، خواہ وہ سرکاری ملازم ہی کیوں نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور فورس کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض لوگوں نے عوام کو حکومت کے خلاف بلوے پر اکسانے کی کوشش کی، تاہم لوگ ان کے بہکاوے میں نہیں آئے۔ ان کے مطابق، متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں۔
