پان، گٹکا، ماوا، مین پوری، نسوار اور تمباکو استعمال کرنے والے جامعہ کراچی کے غیر تدریسی ملازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ انہیں منہ اور دانتوں کی صفائی کی مفت سہولت فراہم کرنے کا اقدام کیا گیا ہے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے اس اقدام کا مقصد ملازمین کی زبانی صحت بہتر بنانا اور منہ کے سرطان سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔
جامعہ کراچی کے مطابق اس اقدام کے ذریعے ملازمین کو تمباکو اور دیگر مضرِ صحت اشیا کے استعمال کے نقصانات سے آگاہ کیا جا رہا ہے، جبکہ انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور اپنی صحت کو ترجیح دینے کی ترغیب بھی دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پان، گٹکا، ماوا، مین پوری، نسوار اور تمباکو کا استعمال منہ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور منہ کے سرطان کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، اس لیے ملازمین کو ان اشیا سے اجتناب کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔
اس سہولت کے لیے ملازمین کو کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی لے جانے اور واپس لانے کے لیے پوائنٹ بسوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ جامعہ کراچی کے مطابق ملازمین کی پہلی کھیپ جمعہ کو نمازِ جمعہ کے بعد روانہ کی گئی، جبکہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ملازمین کو دانتوں کی صفائی کی سہولت میسر آئے گی بلکہ انہیں منہ کے سرطان سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند زندگی کی اہمیت سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔
















