تھرپارکر میں نگرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بی ایچ یو پلس میں کھڑی پی پی ایچ آئی ایمبولینس میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرتے ہوئے آگ لگی تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پردیپ بھیل، اٹینڈنٹ لچھمن میگھواڑ، جسونت، مس لاڈو، مس کریمان اور مس راجو میگھواڑ بھی شامل ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں مس نورجہاں، مس ثمینہ، مس شکور اور سریش کا نومولود بچہ بھی شامل ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مٹھی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی ریفر کیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے کہا کہ دھماکے میں ایمبولینس مکمل طور پر تباہ ہو گئی، واقعے کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
عارف عزیز نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے میرپورخاص اورکراچی سے ایکسپرٹ ٹیم طلب کر لی گئی ہیں جبکہ تھرپارکرایکسپرٹ ٹیم شواہدکاباریک بینی سے جائزہ لے گی۔

















