Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ 9 دہشت گرد ہلاک، ٹھانے تباہ

‘ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے’

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی اسپانسرڈ کے 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 26 اکتوبر کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو کارروائیاں کیں جن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور انہیں روکنے کے لیے کارروائی کی۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے تاہم علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن کے تحت سہکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم جاری ہے، وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں