Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کوئٹہ، نمائشی میچ میں کامران اکمل پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

کوئٹہ میں ہونے والے نمائشی میچ کے لیے کامران اکمل کو پشاور زلمی کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 5 فروری کو کوئٹہ میں ہونے والے ان کے آئندہ نمائشی میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کامران اکمل نے پی ایس ایل کے سات سیزن تک زلمی کی نمائندگی کی لیکن آٹھویں ایڈیشن کے حالیہ ڈرافٹ میں ان کا انتخاب نہیں کیا گیا۔

بیٹنگ لیجنڈ انضمام الحق زلمی کے مینٹور کے طور پر کام کریں گے، جس کی کپتانی بابر اعظم کریں گے۔

کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں 1,972 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم 2,413 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

اکمل کو حال ہی میں جونیئر کرکٹ کے لیے آٹھ رکنی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے شروع ہوگا جب کہ فائنل 19 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

سرفراز احمد نمائشی میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ بقیہ ٹیم عبدالواحد، بنگلزئی، بسم اللہ خان، عمر اکمل، سعود شکیل، احسن علی، عمید آصف، عمیر بن یوسف، ایمل خان، افتخار احمد، ایم نواز، نسیم شاہ، ایم حسنین، خوشدل شاہ پر مشتمل ہے۔

جبکہ پشاور زلمی میں بابر اعظم، حسیب اللہ خان، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، سفیان مقیم، دانش عزیز، محمد حارث (وکٹ)، سلمان ارشاد، صائم ایوب، عثمان قادر، اعظم خان، حیدر علی، عامر جمال، اور اسامہ میر شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں