قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے افغانستان کے تاریخی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم باقی سارے میچ جیت کر ٹاپ فور میں آنے کی کوشش کریں گے۔
بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا کہہر ٹیم پر برا وقت آتا ہے اور اس وقت ہمارا برا وقت چل رہا ہے، البتہ ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش کرنا ہے جو ہم کریں گے اور میں پر امید ہوں کہ ورلڈکپ کے بقیہ تمام میچز جیت کر فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گے۔
افغانستان کے خلاف شکست کو تسلیم کرتے ہوئے افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین بولنگ ہے لیکن ہم ورلڈکپ میں توقعات پر پورا نہیں اتررہے، اس کے علاوہ ہمارے اسپنرز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں تاہم ہم بہت جلد باؤنس بیک کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے خلاف ہمیں 300 سے زائد رنز بنانا چاہیے تھے جو ہم نہیں کرسکے اور پھر بولنگ اور فیلڈنگ بھی خراب رہی لیکن ہمیں بطور بیٹنگ یونٹ مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی کا کہنا تھا کہ آج افغانستان نے ہم سے اچھی کرکٹ کھیلی، ان کو کریڈیٹ دیں، ہم نے اپنا پلان کیا تھا مگر ہم اس پر عمل نہ کرسکے تاہم ہم نے افغانستان کے مقابلے میں زیادہ بری گیندیں کیں جس کی وجہ سے ہم پر دباؤ بڑھ گیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں افتخار احمد نے کہا کہ بطور کپتان بابراعظم میچ میں انوالو ہوتا ہے لیکن یہ طے تھا کہ بولرز کو بولرز ہی مشورہ دیں گے۔
واضح رہے کہ افغانستان نے گزشتہ روز ورلڈکپ میں پاکستان کو 8 وکٹ سے تاریخی شکست دے کر ایونٹ میں دوسرا اپ سیٹ کیا، وہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بھی شکست دے چکے ہیں۔


















