Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محمد حفیظ اور مائیکل وان کے درمیان لفظی جنگ جاری

سابق پاکستان کرکٹر محمد حفیظ اور سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ شدت اختیار کرگئی ہے۔

سابق کرکٹرز کے درمیان لفظی جنگ 3 نومبر کو اس وقت شروع ہوئی جب سابق انگلش کھلاڑی مائیکل وان نے پاکستان کے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پاکستان کے لیے خدشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا تھا ’’میں پاکستان کے کل کے میچ کے لیے فکرمند ہوں، یہ پچھلے کچھ دنوں سے بہت پرسکون ہیں، انہیں آج کسی کے استعفیٰ یا واٹس میسج لیک کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔

مائیکل وان کی بات محمد حفیظ کو سخت ناگزیر گزری اور انہوں نے جواب میں لکھا ’’بہتر ہے کہ دوسروں کے مسائل میں جھانکنا بند کریں اور پہلے اپنے تنازعات کو حل کریں‘‘۔

محمد حفیظ لکھتے ہیں ’’ہم اپنے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں اور انہیں ضرور حل کریں گے‘‘۔

بات یہی تک نہ رکی اور ایک بار پھر مائیکل وان نے محمد حفیظ کے ویرات کوہلی سے متعلق بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ محمد حفیظ نے ویرات کوہلی کو خود غرض کھلاڑی قرار دیا تھا۔

مائیکل وان نے لکھا ’’حفیظ، بھارت نے زبردست کرکٹ کھیلنے والی 8 ٹیموں کو دھول چٹائی ہے، ویرات کوہلی 49 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جس میں پچھلی والی سنچری انہوں نے ایک مشکل پچ پر بنائی ہے، ان کی ٹیم 200 رنز سے زیادہ سے جیتی ہے!!! یہ سراسر بکواس ہے‘‘۔

علاوہ ازیں مائیکل وان محمد حفیظ پر مسلسل تنقید کررہے ہیں تاہم سابق پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

متعلقہ خبریں