Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پرتھ ٹیسٹ: پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنالیے

پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پرتھ میں ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جاری ہے جس کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔

دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنالیے ہیں جب کہ اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 487 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کی پہلی اننگز

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 74 رنز اسکور کیے جس کے بعد عبداللہ شفیق 42 رنز پر نتھن لیون کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

بعد ازاں کپتان شان مسعود 30 رنز پر مچل اسٹارک کا شکار ہوئے جب کہ امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ پاکستان کو پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لیے 355 رنز درکار ہیں۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر 164 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

علاوہ ازیں ایلکس کیری 34، اسٹیون اسمتھ 31، مارنس لبوشین 16، مچل اسٹارک 12، پیٹ کمنز 9 اور نتھن لیون 5 رنز ہی بناسکے جب کہ جوش ہیزل ووڈ 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ خرم شہزاد 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

متعلقہ خبریں