Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

شہرقائد میں آج موسم گرم اور مرطوب جبکہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ  بارش کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا کم دباؤ شمال مغربی خلیج بنگال اور ملحقہ اوڑیسہ کے ساحل پر موجود ہے، جس کے مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ مون سون کے اس کم دباؤ کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

 تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین اور ٹھٹھہ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں 13 ستمبر کی شام سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد اور ٹنڈو اللہ یار میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے، جبکہ مٹیاری، شہید بینظیر آباد اور جامشورو میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شہرقائد میں آج موسم گرم اور مرطوب جبکہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے تاہم کل  درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ تین روز موسم گرم اور مرطوب رہنے اور ہوائیں جنوب مغرب سے چلنے کا امکان ہے تاہم اتوار کو شہر میں شمال مغرب اور مغرب سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی جبکہ بارش کے دوران وقفے بھی متوقع ہیں۔