پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانوں کا اعلان کرنے والے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے خود ڈسپلن توڑ دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے نئے ایس او پیز واضح کردئیے گئے ہیں، جس کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
محمد حفیظ کے مطابق دورہ آسٹریلیا کے دوران اگر کوئی بھی کھلاڑی گراونڈ میں سویا ہوا دکھائی دیا یا وہ ایکٹیو دکھائی نہ دیا تو اسے 500 ڈالر جرمانہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ٹیم کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان محمد حفیظ میلبرن سے سڈنی جاتے ہوئے ائیر پورٹ پر فلائٹ مس کرگئے جس پر انہیں دوسری فلائٹ سے سڈنی پہنچنا پڑا۔ حالانکہ محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہی سڈنی سفر کرنا تھا۔
محمد حفیظ کی اہلیہ کی نشست بھی اسی فلائٹ میں بک تھی تاہم دونوں میلبرن ائیرپورٹ میں تاخیر سے جہاز تک پہنچے جس پر ائیر لائن عملے نے محمد حفیظ اور ان کی اہلیہ کو جہاز پر سوار نہیں ہونے دیا۔
قومی ٹیم کے ڈائریکٹر اہلیہ کے ہمراہ ائیرپورٹ میں ہی موجود تھے لیکن وہ وقت کی پابندی نہ کرسکے اور ان کے پہنچنے تک قومی ٹیم کے جہاز کے دروازے بند ہوچکے تھے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ کی پابندیوں اور جرمانے کے اعلان پر پلئیرز نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے تاہم اب خود ٹیم ڈائریکٹر کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی گئی ہے تو اس پر ٹیم انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔


















