پی ایس ایل 9 کے حوالے سے بڑی خبر آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے نویں ایڈیشن کے پروڈکشن رائٹس پر اضافی اخراجات آئیں گے جسکا بوجھ فرنچائز کو اٹھانا ہوگا۔
پی ایس ایل 9 کے پروڈکشن رائٹس کے حقوق تاخیر سے دئیے گئے اور اس میں تنازعہ بھی دیکھا گیا، پروڈکشن رائٹس کیلئے تین کمپنیوں نے بڈز کی تھیں جن میں سے براڈکاسٹ رائٹس کی حامل کمپنی کو ہی ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔
پروڈکشن رائٹس کی بڈ کمیٹی کے سربراہ بابر حمید تھے اور ابتداء سے ہی اس کمیٹی پر رائٹس نہ ملنے والی دو کمپنیوں کو اعتراض تھا، دونوں کمپنیوں نے اعتراض اپیل کمیٹی کے سامنے رکھ دئیے۔
اپیل کمیٹی نے کیس سننے کے بعد تینوں کمپنیوں کے نمبر بڑھا دئیے لیکن بعد میں فنانشل بڈ میں سب سے کم رقم کی جگہ دوسرے نمبر والی کمپنی کو رائٹس دے دیئے اور پروڈکشن میں کم خرچہ کرنے والی کمپنی کو رائٹس نہیں ملے۔
اس تمام معاملہ کے بعد پی ایس ایل کی پروڈکشن کی رقم بھی تقریبا 50 کروڑ روپے بڑھ گئی۔ اس طرح پی ایس ایل 9 پر پروڈکشن کا خرچہ ایک ارب 15 کروڑ ہوگا، جبکہ پی ایس ایل 10 پر اسکا خرچہ ایک ارب 21 کروڑ ہو گا، پی ایس ایل پروڈکشن پر پچھلے سال ایک ارب 16 کروڑ 91 لاکھ 93 ہزار روپے خرچہ ہوا تھا۔
پروڈکشن کا جو بھی خرچہ ہوتا ہے اس کا 95 فیصد حصہ فرنچائزز کو دینا ہوتا ہے اس طرح پی ایس 9 اور 10 میں فرنچائز کو بڑی رقم پروڈکشن کی مد میں ادا کرنا ہوگی۔


















