Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ارشد ندیم کا سُسر سے بطور تحفہ بھینس ملنے پر دلچسپ ردِ عمل

قومی ہیرو ارشد ندیم کا سُسر سے بطور تحفہ بھینس ملنے پر دلچسپ ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔

حال ہی میں پیرس اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی جدو جہد، زندگی اور ٹریننگ کے دوران آنے والی مشکلات سے متعلق بات کی۔

شو کے وسط میں ارشد ندیم کی اہلیہ، راشدہ نے بھی شرکت کی، انہوں نے بتایا کہ ہماری شادی کو 8 سال ہو گئے ہیں، 2016 میں شادی ہوئی تھی، 11 ربیع الاول کو شادی ہوئی تھی اور انگریزی مہینے، دسمبر کی تاریخ بھی 11 ہی تھی۔

 ارشد ندیم کی اہلیہ نے بتایا کہ ہماری محبت کی شادی تھی، ہمارے تین بچے ہیں، ایک بیٹی اور دو بیٹے، جب یہ اولمپکس کے لیے گئے تو میں نے اِنہیں بتا دیا تھا کہ یہ گولڈ میڈل صرف آپ کا ہے، یہ آپ کو ہی ملے گا۔

راشدہ نے بتایا کہ گھر میں صرف مجھے معلوم تھا کہ ارشد زخمی ہیں، پیرس جانے سے قبل ارشد میرے سامنے ہی اپنے زخم کی ٹِکور کیا کرتے تھے، میں تین دن سوئی نہیں، پریشان بھی تھی، گھر والوں اور ارشد کے کہنے کے باوجود میں نے آرام نہیں کیا، شوہر کی آخری تھرو نہیں دیکھی تھی مگر یقین تھا کہ یہ جیت جائیں گے۔

شو کے دوران ارشد ندیم نے سسر کی جانب سے بطور تحفہ بھینس ملنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میرے سُسر نے ایسا کوئی اعلان کیا ہے، اہلیہ نے بتایا تھا، اہلیہ کو بھی ٹی وی کے ذریعے ہی اس اعلان اور انعام کا معلوم ہوا تھا۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ اہلیہ سے بھینس کے تحفے کا سُن کر میں نے کہا تھا کہ میرے سُسر اچھے خاصے امیر ہیں، اُن کے پاس ڈیڑھ دو مربع زمین ہے، مجھے بطور تحفہ کوئی پانچ ایکڑ زمین ہی دے دیتے، صرف بھینس دی ہے، چلو خیر ہے۔

متعلقہ خبریں