چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا کامیابی کی ضمانت ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا کے لیے نیک خواہشات جبکہ آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز کے لئے ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وائٹ بال ٹیم کی قیادت ایک اعزاز ہے، آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز میں قوم کو آپ کی قیادت میں ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی با صلاحیت اور پروفیشنلز ہیں، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں ٹیم آسٹریلیا اور زمبابوے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا کامیابی کی ضمانت ہے، ٹیم اگر ٹیم بن کر پرفارم کرے گی تو کوئی آپ کو ہرا نہیں سکتا۔
اس موقع پر کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے بھرپور اعتماد کرنے پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب محمد رضوان نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا و زمبابوے کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر بھی موجود تھے، کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا آج دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔


















