Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چئیرمین پی سی بی کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ون ڈے جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ون ڈے جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تاریخ ساز فتح۔ ویلڈن گرین شرٹس ویلڈن۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں، باولرز حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے شاندار باولنگ کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا، کپتان محمد رضوان نے عمدہ کیپنگ کرتے ہوئے 6 کیچ پکڑے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے پاکستان کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلائی، بہترین پرفارمنس پر حارث رؤف، شاہین آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق تحسین کے مستحق ہیں۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، باولنگ اور بیٹنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کے دل جیت لیے، آسٹریلیا کے خلاف بڑی جیت پر کھلاڑیوں نے قوم کو خوشیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا اور نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا اور آئندہ میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

 چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آنے والے میچوں میں بہترین پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں؛ حارث رؤف اور صائم ایوب کی شاندار کاکردگی، پاکستان کی 28 سال بعد ایڈیلیڈ میں فتح

متعلقہ خبریں