آسٹریلین کرکٹ اسٹار شین واٹسن بھی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کے حق میں بول پڑے۔
سابق آسٹریلوی آل راونڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ بھارت کا پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے سفر نہ کرنا ایک بدقسمتی ہے۔
شین واٹسن نے یہ بیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران دیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ایک خاص وقت ہوتا ہے جسے ہر کرکٹ شائقین دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، جیسے انگلینڈ آسٹریلیا کے لیے بڑا حریف ہے، ویسے ہی پاکستان اور بھارت بھی کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے بڑے حریف ہیں، اور کرکٹ کے شائقین کبھی بھی اس میچ کو نہیں چھوڑنا چاہتے۔
شین واٹسن نے مزید کہا کہ اگر چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو تو یہ ان کی قوم کے لیے ایک خاص لمحہ ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین اپنے ملک میں دنیا کے بڑے کرکٹرز کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گے، جو کہ ایک خاص بات ہے۔
شین واٹسن نے کہا کہ 2019 میں پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا تجربہ میرے لیے بہت یادگار تھا، اور پاکستان میں کرکٹ سے محبت اور جوش کو دیکھنا ایک شاندار تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کرکٹ شائقین اب تک عالمی سطح کی کرکٹ دیکھنے سے محروم رہے ہیں، اور اگر آئی سی سی ایونٹ پاکستان میں ہوتا ہے تو یہ شائقین کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا۔


















