انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مستعفی چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کے استعفے کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
حالیہ دنوں میں آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹیو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا نے ان کے استعفے کو پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی وینیوز کی تکمیل میں تاخیر سے جوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق، جیف ایلرڈائس کے استعفے کے بعد بھارتی میڈیا کی بعض رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ 2024 میں امریکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میچز کی تیاریوں کے دوران فنڈز میں بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں، جن کی نشاندہی آڈٹ رپورٹ میں بھی کی گئی تھی۔
اس پر آئی سی سی بورڈ ممبران نے تحفظات ظاہر کیے تھے، جس کے نتیجے میں متعدد اہم عہدیداروں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا۔ ان عہدیداروں میں ایونٹس ہیڈ کرس ٹیٹلی، جنرل منیجر مارکیٹنگ و کمیونیکیشن کلیئر فرلونگ اور اینٹی کرپشن سربراہ الیکس مارشل شامل ہیں۔
آئی سی سی کے اعلامیے میں جے شاہ کا کہنا تھا کہ بورڈ کی جانب سے ہم جیف ایلرڈائس کا بطور چیف ایگزیکٹیو لیڈرشپ اور کمٹمنٹ پر دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہیں، ان کی محنت نے کرکٹ کے عالمی سطح پر فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم ان کی خدمات کے لیے مشکور ہیں اور مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے اپنے تجزیوں میں جیف ایلرڈائس کے استعفے کو چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں میں تاخیر سے جوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق، ایلرڈائس پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے راولپنڈی اور کراچی اسٹیڈیمز کی تیاری میں ہونے والی تاخیر کے حوالے سے آئی سی سی بورڈ کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا، جس کے باعث ان کے استعفے کی صورت میں یہ معاملہ سامنے آیا۔


















