لاہور: پی ایس ایل 10 میں امپائرز نے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر سوالات اٹھادیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق کا پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران بولنگ ایکشن مشکوک رپورٹ کیا گیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کی شام کھیلے گئے اس میچ میں آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور کرس براؤن نے عثمان طارق کے ایکشن پر اعتراض اٹھایا۔
پی ایس ایل کے قوانین کے مطابق عثمان طارق فی الحال آئندہ میچز میں بولنگ جاری رکھ سکتے ہیں۔ تاہم اگر انہیں دوبارہ اسی نوعیت کی شکایت کا سامنا کرنا پڑا تو ان پر بولنگ کرنے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ پابندی کے بعد واپسی کے لیے عثمان طارق کو آئی سی سی سے منظور شدہ لیبارٹری سے کلیئرنس حاصل کرنی ہوگی۔


















