پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے ابتدائی پانچ میچز مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ دو شاندار فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی ہے جب کہ پشاور زلمی مسلسل ناکامیوں کے بعد سب سے نچلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
پی ایس ایل 10 کا آغاز دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی یک طرفہ فتح سے ہوا جس میں شاداب خان کی قیادت میں بولنگ یونٹ نے قلندرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور دو قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔
دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بابر اعظم کی زیر قیادت پشاور زلمی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 216 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کے جواب میں زلمی 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔ ملتان نے 235 رنز کا بڑا ہدف دیا لیکن ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں نئے انداز سے میدان میں اترنے والی کراچی ٹیم نے ٹاپ آرڈر کی شاندار کارکردگی کے باعث یہ ہدف حاصل کرکے سب کو حیران کردیا۔
چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کم بیک کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔ فخر زمان نے ٹیم کے لیے جارحانہ آغاز فراہم کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹیم نے توازن دکھایا۔ اس فتح کے ساتھ دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے۔
پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک بار پھر پشاور زلمی کو باآسانی شکست دی اور دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں اسلام آباد کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبے مضبوط نظر آئے جب کہ ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 3.248 تک پہنچ گیا جو اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے بہتر ہے۔
اس میچ کے ہیرو صاحبزادہ فرحان رہے جنہوں نے شاندار سنچری اسکور کر کے اسلام آباد کی فتح کی بنیاد رکھی۔
ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتدائی برتری حاصل کرلی ہے جب کہ پشاور زلمی کے لیے اب واپسی کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کو اپنی مکمل فارم حاصل کرنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے اگلے میچز میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا مقابلہ 15 اپریل کو ہوگا جب کہ 16 اپریل کو ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے۔


















