لاہور: پاکستان کے اسٹار بیٹر اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں لاہور قلندرز کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 400 چوکے لگانے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے۔
بابر اعظم نے لاہور قلندر کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ اس اننگز میں انہوں نے 7 شاندار چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا، جس کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
اس میچ کے دوران بابر اعظم نے پی ایس ایل کی تاریخ میں 400 چوکے مکمل کرنے کا سنگِ میل بھی عبور کیا، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ وہ لیگ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں فخر زمان 254 اور محمد رضوان 236 چوکوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔


















