لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کا 78 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 26-2025 کے لیے 18 ارب 30 کروڑ روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران کرکٹ کے فروغ کے لیے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریجنز کی سالانہ بنیاد پر حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بورڈ نے طے کیا کہ ہر سال بہترین کارکردگی کے حامل ریجن کو انعام سے نوازا جائے گا۔
مزید براں اسٹاف کی کارکردگی کو باقاعدہ مانیٹر کرنے کے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی جب کہ گزشتہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کے استعمال پر بورڈ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں گزشتہ بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی جب کہ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے بجٹ کے اہم خدوخال پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے اختتام پر ممبر بورڈ آف گورنرز انوار غنی نے دعائے خیر کرائی۔
اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کرنے والوں میں سابق کرکٹر ظہیر عباس، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ، طارق سرور، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن عامر میر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور ہیڈ ویمنز کرکٹ رافعیہ حیدر شامل تھے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونے والے ممبران میں انوار غنی، مصطفیٰ رمدے، دانیال گیلانی، انوار احمد خان، ڈاکٹر شفیع الرحمٰن اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ شامل تھے۔


















