ایشین گیمز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بارش کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا لی کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ مسلسل بارش کے باعث ٹاس کے بغیر ہی منسوخ ہوگیا، جس کے بعد بہتر عالمی رینکنگ کی بنیاد پر پاکستان کو اگلے مرحلے میں رسائی مل گئی۔
جاپان کے شہر نشین میں واقع کوروگی اسپورٹس پارک میں پیر کو کھیلا جانے والا کوارٹر فائنل مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث شروع نہ ہوسکا۔ میچ منسوخ ہونے کے نتیجے میں پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ ہانگ کانگ کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
پاکستان نے عالمی رینکنگ کی بنیاد پر بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ براہ راست ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ گروپ بی میں دوسرے نمبر پر رہنے کے بعد کوارٹر فائنل تک پہنچا تھا۔ گروپ مرحلے میں ہانگ کانگ نے دو پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ ملائیشیا تین پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا۔ ہانگ کانگ کا عمان کے خلاف آخری گروپ میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
پاکستانی ٹیم ایشین گیمز کی تیاری کے لیے کراچی میں چار روزہ تربیتی کیمپ کے بعد جاپان پہنچی تھی، جہاں کھلاڑیوں نے مقامی کنڈیشنز اور مختلف میچ صورتحال کے مطابق پریکٹس کی۔ تاہم نشین میں اتوار کو ہونے والا تربیتی سیشن بھی رات بھر کی بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ سے متاثر ہوا۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں، جبکہ 15 رکنی اسکواڈ میں صائم ایوب، ابرار احمد، حیدر علی اور محمد وسیم جونیئر جیسے ٹی 20 انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ مائیک ہیسن ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔
پاکستان ایشین گیمز کرکٹ کے سیمی فائنل میں یکم اکتوبر کو میدان میں اترے گا، جبکہ کانسی کے تمغے کا میچ اور فائنل 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
