ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے ہاکی میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، گرین شرٹس نے عمان کو 7-2 سے شکست دے کر آخری چار ٹیموں میں جگہ بنا لی.
ناگویا کینجو فُوٹو ایرینا میں کھیلے گئے ہاکی کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ہاف ٹائم تک 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 5 گول داغے اور مقابلہ 7-2 سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے ہیٹ ٹرک اسکور کی، جبکہ سفیان خان نے 2 گول کیے۔ غزنفر علی اور محمد عماد نے بھی ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا۔
پاکستان نے پول بی میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ملائیشیا 15 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہا۔ پاکستان نے گروپ مرحلے کے 5 میں سے 4 میچ جیتے جبکہ واحد شکست ملائیشیا کے ہاتھوں ہوئی۔ گرین شرٹس نے ان میچز میں 28 گول کیے اور 8 گولز کا سامنا کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم اب یکم اکتوبر کو سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی۔
