Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان ٹیم کو ہر سیریز میں جیت کی سوچ کے ساتھ کھیلنا ہوگا، بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ

مائیکل سمتھ کے مطابق قومی اسکواڈ کے کھلاڑی کافی پرجوش ہیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو سہ فریقی سیریز سمیت آئندہ تمام مقابلوں میں جیت کے جذبے اور مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مائیکل سمتھ نے کہا کہ وہ پاکستانی بلے بازوں کو وکٹ پر پیش آنے والے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں، جبکہ بیٹنگ لائن کی مضبوطی اور وسعت کے لیے ہر پوزیشن پر مختلف آپشنز تیار کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران وکٹیں تیز رفتار اور باؤنس والی تھیں، ایسی وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

مائیکل سمتھ کے مطابق قومی اسکواڈ کے کھلاڑی کافی پرجوش ہیں اور ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی نئے کھلاڑیوں کو سکھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

لیول فور کوچ اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیکل سمتھ کے مطابق اتوار سے شروع ہونے والی سہ فریقی سیریز پاکستان ٹیم کے ساتھ ان کی تیسری سیریز ہوگی۔

Exit mobile version