سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے 302 رنز کے جواب میں بیٹنگ کر رہی ہے اور 12.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 84 رنز بنا لیے ہیں۔
اس سے قبال پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لیے 303 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم نے ابتدائی وکٹیں جلد گنوانے کے باوجود حسن نواز اور عرفات منہاس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت بڑا مجموعہ حاصل کیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی ہی گیند پر فخر زمان گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان 31 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، جب صائم ایوب 8 رنز بنا کر سونی بیکر کا شکار ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 34 رنز بنانے کے بعد ول جیکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کی وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری تو پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار دکھائی دینے لگی۔
مشکل صورت حال میں حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ داری سنبھالی اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔ حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جب کہ عرفات منہاس نے 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 59 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کی کارکردگی نے پاکستان کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر بیٹرز میں فہیم اشرف نے 39، سعد بیگ نے 35 اور سلمان علی آغا نے 16 رنز بنائے۔ یوں ابتدائی نقصان کے باوجود قومی ٹیم انگلینڈ کے سامنے 303 رنز کا ہدف رکھنے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ مہم کا آغاز کیا تھا۔ اب انگلینڈ کو زیر کرنے کے لیے قومی ٹیم کے بولرز کو ہدف کا دفاع کرتے ہوئے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
