Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نجی گفتگو کو مزید محفوظ بنانے کے لیے واٹس ایپ کا بڑا اقدام

اس سہولت سے صارف کسی مخصوص چیٹ کو دوسرے منسلک آلات پر ظاہر ہونے سے روک سکے گا۔

واٹس ایپ نے صارفین کی نجی گفتگو کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نئی رسٹرکٹڈ چیٹس سہولت کی آزمائش شروع کردی ہے جس کے ذریعے صارف اپنی مخصوص چیٹس کو منسلک ڈیوائسز پر ظاہر ہونے سے روک سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق یہ سہولت فی الحال بیٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے اور اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بعض صارفین اسے آزما رہے ہیں تاہم عام صارفین کے لیے یہ سہولت کب دستیاب ہوگی اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

واٹس ایپ کے منسلک ڈیوائسز فیچر کے ذریعے صارف اپنے موبائل فون کو کمپیوٹر، لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ سے منسلک کرکے پیغامات بھیج اور وصول کرسکتا ہے تاہم اب تک تمام چیٹس منسلک ڈیوائس پر منتقل ہوجاتی تھیں۔

نئی رسٹرکٹڈ چیٹ سہولت کے ذریعے صارف کسی مخصوص چیٹ کو دوسرے منسلک آلات پر ظاہر ہونے سے روک سکے گا۔ اس چیٹ میں موجود تصاویر، روابط اور پیغامات بھی منسلک ڈیوائسز پر منتقل نہیں ہوں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق رسٹرکٹڈ چیٹ کے ذریعے تھرڈ پارٹی کلائنٹ اور اے آئی ٹولز کو بھی منسلک رابطوں کے ذریعے مذکورہ چیٹ کے پیغامات تک رسائی حاصل نہیں ہوسکے گی۔

ابتدائی بیٹا ٹیسٹنگ میں فی الحال صرف انفرادی چیٹس کو رسٹرکٹڈ کیا جاسکتا ہے جب کہ متعدد چیٹس کو ایک ساتھ محدود کرنے کا آپشن دستیاب نہیں۔

یہ سہولت استعمال کرنے کے لیے صارف کو مخصوص چیٹ کھول کر رسٹرکٹڈ چیٹ کا نیا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد جب صارف اپنا کوئی نیا ڈیوائس منسلک کرے گا تو مذکورہ چیٹ اس ڈیوائس پر منتقل نہیں ہوگی۔

یہ پابندی چیٹ میں شامل دوسرے صارفین پر بھی لاگو ہوگی اور وہ بھی اس رسٹرکٹڈ چیٹ کو اپنے منسلک ڈیوائسز پر منتقل نہیں کرسکیں گے۔