Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے پہلے خلاباز کے شین ژو مشن 24 کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

خلائی مشن کے دوران پاکستانی خلا باز زمین کے مدار میں موجود چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگ گونگ‘‘ پر قیام کریں گے

پاکستان کے پہلے خلاباز کے تاریخی خلائی سفر کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اور پاکستانی خلا باز کی چین کے شین ژو مشن 24 کے تحت خلائی سفر پر روانگی آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی خلا باز ذیشان علی اور خرم داؤد ان دنوں بیجنگ کے چائنا ایسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں خصوصی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

خلائی مشن کے دوران پاکستانی خلا باز زمین کے مدار میں موجود چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگ گونگ‘‘ پر قیام کریں گے، جہاں وہ مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے جو چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہوگی۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی خلاباز شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے جبکہ پاکستانی خلا باز کا سفر چینی انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا سفر ہو گا۔