رمضان المبارک میں افطار کے لیے پکوڑے، سموسے، فروٹ چاٹ اور دہی بڑے بنانا تو عام ہے جو ہر گھر میں بنتے ہیں لیکن آج ہم آپ کے ساتھ ایک منفرد ڈش کی ریسیپی شیئر کریں گے۔
جی ہاں آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ مزیدار ترکش بکلاوا رولز کیسے بنائے جاتے ہیں اور اس کیلئے کن اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے۔
اجزاء
ترکش بکلاوا رولز بنانے کیلئے میدہ 3کپ، بیکنگ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، انڈہ 1عدد، چینی 1کپ، پانی 4چوتھائی کپ، لیموں کا رس ڈیڑھ کھانے کا چمچ، دارچینی 1عدد، نمک 1چٹکی، کھانے کا تیل 1چوتھائی کپ، کھانے کا تیل 2کھانے کے چمچ، پگھلا ہوا مکھن حسبِ ضرورت، میدہ 1کپ اور آدھا کپ دودھ کی ضرورت ہو گی۔
اس کے علاوہ 1 چوتھائی کپ پانی، کھجوریں 2کپ، دارچینی پاؤڈر 1چائے کا چمچ، بادام آدھا کپ، کارن فلار 2کھانے کے چمچ اور پستہ حسبِ ضرورت۔
یہ بھی پڑھیں؛ افطار میں مزیدار پیزا کٹلٹس بنانے کا طریقہ؛ جانیے
ترکیب
ایک باؤل میں میدہ، انڈہ، بیکنگ پاؤڈر، نمک اور کھانے کا تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، پھر تھوڑا تھوڑا کرکے پانی اور دودھ مکسچر ڈال کر 5 منٹ گوندھ لیں اور 45 منٹ سائیڈ پر رکھ دیں۔
ایک برتن میں پانی ڈال کر ابلنے کے لیے رکھ دیں جب پانی ابلنا شروع ہوجائے تو اس میں چینی، لیموں کا رس اور دار چینی ڈال کر 6 منٹ پکائیں۔ اب چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے دیں۔
ایک چوپر میں گھٹلی کے بغیر کھجوریں، بادام، دار چینی پاؤڈر اور کھانے کا تیل ڈال کر تمام اجزا چوپ کر کے پیسٹ بنا لیں، فلنگ تیار ہے۔
ایک باؤل میں میدہ اور کارن فلار ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں، فلار مکسچر تیار ہے، پھر ڈو لے کر دوبارہ 3 منٹ گوندھ لیں۔
اب ڈو کو چار برابر حصوں میں کاٹ کر پیڑے بنا لیں اور پھرہر پیڑے کو 4 برابر حصوں میں کاٹ کر پیڑے بنا لیں۔
اب ہر پیڑے کو باریک بیل لیں اورہر سائیڈ پر فلار مکسچر چھڑکیں،
اب ایک شیٹ لے کر اس پر برش سے مکھن لگائیں اور اس کے درمیان کھجوروں کا مکسچر رکھ کر رول کر لیں۔
پھر اس کے کنارے پر دوسری شیٹ رکھیں اور مکھن سے برش کرکے آخر تک رول کر لیں۔
پھر ان رولز کو بیکنگ ٹرے میں رکھ دوبارہ برش سے مکھن لگائیں اور پہلے سے گرم اوون میں 180 کے ٹمپریچر پر 30 منٹ یا گولڈن براؤن ہونے تک بیک کرلیں۔
اب اوون سے نکال کر رولز کو اپنی مرضی کی شکل میں کاٹ لیں اور اس پر شوگر سیرپ ڈال دیں۔
اب 30 منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر اس پر چوکلیٹ سیرپ ڈالیں اور اس پر پستہ چھڑکیں، مزیدار بکلاوا رولز تیار ہیں۔




















