اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا۔
اس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور کچھ جگہوں پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 16 سے 19 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔ ان علاقوں میں تیز ہوائیں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں 17 سے 19 اپریل تک آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی ان دنوں بارش، تیز ہوائیں اور کچھ جگہوں پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
سندھ کے شہر سکھر اور لاڑکانہ اور ان کے گردونواح میں 18 اور 19 اپریل کو بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں میں 17 اور 18 اپریل کو بارش اور آندھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ژالہ باری سے فصلوں (خاص طور پر گندم اور سبزیوں) کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔




















