امریکا نے ایران میں ایک بار پھر مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی علاقے سیرک کے قریب شادی کی ایک تقریب پر حملے کے نتیجے میں 5 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈپٹی گورنر کے مطابق واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تاہم ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب 5 سے زائد دھماکے ہوئے جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب بھی 4 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے مشرق میں بھی دھماکے ہوئے جبکہ امریکی فورسز نے جنوب مشرقی ایران میں جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔
دوسری جانب امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے ٹھکانوں پر حملے کیے گئے ہیں۔



















