Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برطانیہ نے اسرائیلی آباد کاری غیر قانونی قرار دے دی، جنگی جرائم کے شواہد کا دعویٰ

برطانیہ غزہ سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کی حمایت کرتا ہے، وزیر خارجہ

برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے آباد کاری پر پابندیوں کا اعلان کردیا۔

ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے نسل کشی کی جارہی ہے، جبکہ غزہ میں 70 ہزار افراد قتل کیے گئے جن میں 20 ہزار بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسپتالوں کو نشانہ بنایا گیا اور 60 فیصد گھر تباہ کیے گئے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں، عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا اور ایسے شواہد موجود ہیں جن سے غزہ میں جنگی جرائم کا پتہ چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے والے 30 لائسنس پہلے ہی معطل کیے جاچکے ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے 1200 فلسطینیوں کو قتل کیا گیا۔

ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ برطانیہ غزہ سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کی حمایت کرتا ہے اور غزہ کے شہریوں کی بھرپور مدد جاری رکھے گا۔ غزہ کے طلبہ کو برطانیہ میں خوش آمدید کہا جائے گا۔

برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ میں بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، برطانیہ سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ناانصافی پر خاموش نہیں رہے گا اور عالمی برادری میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کے ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنایا جائے گا۔ برطانیہ دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اسے حکومتی پالیسی کے طور پر مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version