Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یورپ نے روس پر حملہ کیا تو جنگ بہت مختصر ہوگی، روسی وزیر خارجہ

روس مغربی ممالک پر حملہ نہیں کرنے جا رہا اور نہ ہی اسے ایسا کرنے میں کوئی دلچسپی ہے

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یورپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یورپی ممالک نے روس پر حملہ کیا تو اس کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ بالکل مختلف نوعیت کی ہوگی اور بہت مختصر مدت تک جاری رہے گی۔

روسی شہر یکاترین برگ میں انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس متعدد مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ ماسکو کا مغربی ممالک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ یا مفاد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس نے بارہا کہا ہے کہ وہ مغربی ممالک پر حملہ نہیں کرنے جا رہا اور نہ ہی اسے ایسا کرنے میں کوئی دلچسپی ہے، تاہم اگر یورپ، جو مسلسل روس کے خلاف جنگ کی تیاریوں کی بات کرتا ہے، روسی فیڈریشن پر حملہ کرتا ہے تو صورتحال بالکل مختلف جنگ میں تبدیل ہوجائے گی اور یہ جنگ بہت مختصر ہوگی۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ تصادم روس کا طریقہ کار نہیں اور روسی قیادت، بشمول صدر ولادیمیر پیوٹن، متعدد مواقع پر یہ مؤقف واضح کرچکی ہے۔

سرگئی لاوروف نے مغرب پر روس کو محدود کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے بہت پہلے روس کو روکنے کے حق میں فیصلہ کرلیا تھا۔ ان کے مطابق نیٹو کی روسی سرحدوں کی جانب توسیع بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے یورپی رہنماؤں کے ان بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جن میں روس کے ساتھ ممکنہ جنگ کی تیاری پر زور دیا جاتا ہے۔ لاوروف کے مطابق روس کے ساتھ جنگ کی تیاری کا معاملہ اس وقت برسلز کے سیاسی حلقوں میں ایک اہم موضوع بن چکا ہے۔

لاوروف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور یورپی ممالک کے درمیان سلامتی، نیٹو کی توسیع اور یوکرین جنگ کے تناظر میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ تاہم روسی وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر یہ مؤقف دہرایا کہ ماسکو یورپی ممالک کے ساتھ براہ راست تصادم کا خواہاں نہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version