مونٹریال: کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ سینٹ بریجید-ڈی آئیبرویل کے علاقے میں پیش آیا جو مونٹریال سے تقریباً 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
پولیس کے مطابق ہیلی کاپٹر دوپہر تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر گر کر تباہ ہوا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں افراد حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر نجی ملکیت کا تھا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک حادثے کی حتمی وجہ سے متعلق کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا۔
