Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حوثیوں کے حملوں پر او آئی سی کا سخت ردعمل، سعودی عرب کی حمایت کا اعلان

سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے کے اقدامات مملکت کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں، او آئی سی

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے کے اقدامات مملکت کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے حوثیوں کی جانب سے ایسی کارروائیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔

سیکریٹری جنرل کے مطابق یہ حملے یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے جاری علاقائی و عالمی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے بھی منافی ہیں۔

حسین ابراہیم طہٰ نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں یمن کے بحران کے جامع اور پائیدار سیاسی حل کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ او آئی سی کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اپنی سلامتی کے تحفظ، شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت اور علاقائی استحکام یقینی بنانے کے لیے مملکت کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ خطے کو مزید کشیدگی اور بدامنی سے بچانے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور امن عمل کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھیں۔

Exit mobile version