Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیمرے کے لینز کی طرح آپٹکس بدلنے والی ٹیلی اسکوپ متعارف

اس دوربین کو موبائل فون کی ایپ کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے

ذرا تصور کریں کہ آپ رات میں تاروں سے بھرے آسمان کی طرف دیکھ رہے ہوں اور موبائل فون پر ایک ستارے کا انتخاب کریں اور آپ کی دوربین خود بخود اس ستارے کی طرف گھوم جائے! نہ مشکل سیٹنگز، نہ ٹیلی اسکوپ چلانے کی تربیت۔ اسی خیال کو ممکن بناتے ہوئے فرانس کی کمپنی واؤنز نے ایک جدید اسمارٹ دوربین ایٹلس متعارف کرائی ہے۔

اس دوربین میں خاص کیا ہے؟

ایٹلس کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے آپٹیکل حصے تبدیل کیے جا سکتے ہیں بالکل ایسے جیسے کیمرے میں مختلف لینز لگائے جاتے ہیں۔ آپ اس میں ایک یا دو ٹیوب نما ماڈیول لگا سکتے ہیں۔ دو ماڈیول ایک ساتھ استعمال کرنے سے زیادہ روشنی جمع کرنے اور آسمانی اجسام کی تفصیلات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

بس موبائل اٹھائیں اور آسمان دیکھیں!

اس دوربین کو موبائل فون کی ایپ کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ آپ اپنی پسند کا آسمانی ہدف منتخب کریں، دوربین خود اس کی طرف رخ کرے گی اور تصاویر لینا شروع کر دے گی۔ اس کے ذریعے چاند، سورج اور دور دراز فلکیاتی اجسام کی تصاویر لی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لیموں کی شکل کا انوکھا سیارہ دریافت

اس کی چند حیرت انگیز خصوصیات

ایک ماڈیول کے ساتھ بیٹری تقریباً 6 گھنٹے تک چل سکتی ہے جہاں تک اس کے کیمرے کی بات ہے تو اس میں 8.3 میگا پکسل ۔کا سونی کیمرا سینسر نصب ہے جبکہ اس کا ٹرائی پوڈ کے بغیر اس کا وزن 6.5 کلوگرام ہے یہ دوربین اپنے خاص نظام کی مدد سے پورے آسمان کا منظر ریکارڈ کرکے ٹائم لیپس ویڈیو بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ کمپنی مستقبل میں اس کے لیے مزید ماڈیولز اور نئی سہولیات متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

قیمت کتنی ہے؟

ایک ماڈیول والی دوربین کی ابتدائی قیمت 3,990 امریکی ڈالر، جبکہ دو ماڈیولز والی دوربین کی قیمت 5,490 ڈالر رکھی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق، پہلی دوربینیں مارچ 2027 سے بھیجنے کی توقع ہے۔

کیا یہ مستقبل کی دوربین ہے؟

ایٹلس کا مقصد فلکیات کو عام لوگوں کے لیے زیادہ آسان بنانا ہے۔ اب ضروری نہیں کہ آپ ایک ماہر فلکیات ہوں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آپ بھی اپنے گھر کی چھت یا صحن سے کائنات کے حیرت انگیز مناظر کی تصاویر لے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version