Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دوپہر کی مختصر نیند دماغ کی سیکھنے کی صلاحیت بہتر بناتی ہے، نئی تحقیق میں انکشاف

دوپہر کے وقت قیلولہ کرنے سے دماغ کے اعصابی خلیات کے درمیان روابط دوبارہ منظم ہوتے ہیں

دوپہر کے وقت مختصر دورانیے کے لیے نیند لینا نہ صرف دماغ کو سکون فراہم کرتا ہے بلکہ نئی معلومات سیکھنے اور یاد رکھنے کی صلاحیت بھی بہتر بناتا ہے۔

 ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوپہر کے وقت قیلولہ کرنے سے دماغ کے اعصابی خلیات کے درمیان روابط دوبارہ منظم ہوتے ہیں، جس سے دماغ نئی معلومات کو زیادہ مؤثر انداز میں محفوظ کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اس سے قبل یہ تصور کیا جاتا تھا کہ دماغ کو نئی معلومات سیکھنے کے لیے دوبارہ تیار کرنے کا عمل صرف رات کی مکمل نیند کے دوران ہوتا ہے، تاہم نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مختصر دورانیے کا قیلولہ بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جلد سے مس ہوکر دل، دماغ اور پٹھوں کی سرگرمی نوٹ کرنے والا انقلابی الیکٹرانک ٹیٹو

تحقیق کے مطابق انسانی دماغ دن بھر نئی معلومات، خیالات اور مختلف تفصیلات کا تجزیہ کرتا رہتا ہے جس کے نتیجے میں اعصابی خلیات کے درمیان روابط مضبوط ہوتے ہیں تاہم مسلسل دماغی سرگرمی کے باعث وقت گزرنے کے ساتھ نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہونے لگتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند اس دماغی سرگرمی کو بحال کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ قیلولے کے دوران دماغ کو آرام ملتا ہے اور نئی یادوں کو محفوظ کرنے کی گنجائش بہتر ہوتی ہے۔

محققین نے واضح کیا ہے کہ دوپہر کی مختصر نیند رات کی مکمل نیند کا متبادل نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص رات کو مطلوبہ سات گھنٹے کی نیند پوری نہیں کرتا تو قیلولہ نیند کی کمی سے ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ نہیں کر سکتا۔

ماہرین کے مطابق بہتر دماغی کارکردگی اور یادداشت کے لیے رات کی مناسب نیند کے ساتھ دن میں مختصر قیلولہ بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں