کورونا کے نئے ویرینٹ نے پاکستان میں بھی اپنے اثرات دکھانا شروع کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے نئے ویرینٹ ایکس بی بی اور ایکس بی بی 1 کے کیسز کراچی میں رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے بتایا گیا ہے کہ کراچی میں کورونا کے نئے ویرینٹ کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تصدیق آغا خان لیبارٹری میں کی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ 3 کیسز کا تعلق ڈی ایچ اے ، 1 شادماں ، 1 طارق روڈ اور 1 کراچی کے نامعلوم علاقے سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ زیادہ خطرناک نہیں ہوگا، وزیرصحت سندھ
دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹس اور باڈرز پر کورونا مانیٹرنگ مزید بڑھائی جائے اور نئے کورونا ویریئنٹس سے متعلق خفاظتی تدابیر پر لوگوں کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے۔
چین میں کورونا کی نئی لہر
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت بیجنگ سمیت چین کے مختلف شہروں میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔
چین میں کورونا کی پہلی لہر سے متاثرہ مریضوں سے اسپتال بھر چکے ہیں اور بستروں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مریضوں کو فرش پر ہی طبی امداد دی جا رہی ہے جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دسمبر، جنوری اور فروری میں کورونا کی تینوں شدید لہروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پرھیں: بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا اسکریننگ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ملک میں ’زیرو کووڈ‘ کی حکمت عملی میں نرمی کے بعد سے اموات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس نومبر 2019 میں چین میں سامنے آیا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔
کورونا وائرس سے اب تک لاکھوں افراد کی جان جاچکی ہے۔



















