Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہےجسے بین الاقوامی انسانی حقوق کے ایک اہم جزو کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے ۔۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یوم حق خودارادیت پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 5 جنوری کو ہم ہر سال جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی ایشیاء میں امن و ترقی مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے، وزیراعظم

انہوں نے بتایا کہ 1949 میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی تھی  جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حق خود ارادیت سے متعلق اپنی سالانہ قرارداد میں اس کی توثیق کی ہے، یہ دن عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر کے عوام کے تئیں اپنے عزم کا احترام کرنے کی ضرورت کی یاد دلاتا ہے۔

کشمیری عوام پر جبر کی ایک افسوسناک داستان

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے قبضے کے گزشتہ 75 سال کشمیری عوام پر جبر کی ایک افسوسناک داستان ہیں، بھارت نے کشمیری عوام کوحق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے استعمال اور عزت کی زندگی گزارنے کا حق دینے سے انکار کر رکھا ۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے مسئلہ کشمیر کی ساخت کو نقصان پہنچایا ہے  اور کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے آبادیاتی اور سیاسی تبدیلیاں کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ وقت ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرائے اور ایسے اقدامات کرے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج حق خودارادیت پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجے میں آج بھی مسئلہ کشمیر زندہ ہے، قمر زمان قائرہ

بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے اور جموں کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کے اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کشمیری عوام کی اس ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک ہماری بھرپور اور ثابت قدم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں